عید الفطر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام بڑا پیغام جاری کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے اہل وطن اور مسلمانان عالم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال عید الفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے ،کورونا وائرس سے ساری دنیا پریشان ہے احتیاطی تدابیر ہی اس کی روک تھام کا واحد طریقہ ہے ، عید کی خوشیوں میں

ضرورت مند اور پسماندہ طبقات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار عیدالفطر 1441 ہجری کے موقع پر قوم نے نام اپنے پیغام میں دیا۔ اللہ تبارک و تعالی کا شکر ہے کہ ہم سب کو رمضان المبارک کی بابرکت گھڑیاں نصیب ہوئیں۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمارے روزوں، عبادتوں اور کار ہائے خیر کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے۔انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کی آمد کے موقع پر میں اہل وطن اور مسلمانان عالم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزے کے ذریعے ہم نے اپنی زندگی میں جو تقوی، نظم و ضبط اور خیر خواہی کا جذبہ پیدا کیا تھا، اب ہماری یہ کوشش ہونی چاہئیے کہ اس کو اپنی زندگی کا مستقل حصہ بنائیں، اس سال عیدالفطر کے موقع پر عالم انسانیت گہری آزمائش سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ساری دنیا پریشان ہے اور تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر اس وباء کی روک تھام کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ اس وائرس سے بچاؤ کے لئے طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق احتیاط برتنا ہی فی الوقت اس کی روک تھام کا واحد طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں پرہیز گاری کا جو وصف ہم نے سیکھا ہے اسے اختیار کرتے ہوئے ہمیں اس موذی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے، حفظان صحت کے اصولوں کو اختیار کرتے ہوئے ضرورت مند، نادار، مستحقین اور دیہاڑی دار طبقے کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عیدالفطر کی خوشیوں میں ضرورت مند اور پسماندہ طبقات کو ہرگز نظر انداز نہ ہونے دیں اور حتی الوسع ان کے ساتھ تعاون، ہمدردی اور خیر خواہی کا معاملہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ان خوشی کے لمحات میں ایک طرف خوشیاں تقسیم کر کے ہم اپنی عید کو بامقصد اور باعث اطمینان بنا سکتے ہیں تو دوسری طرف احتیاطی و حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے وضع کردہ قواعد وضوابط پر عملدرآمد کرکے اپنی، اپنے پیاروں اور اپنے ہم وطنوں کی قیمتی جانیں بچا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک میں عبادت کے دوران کی گئی دعاوں کی فضیلت سے اللہ تعالی ہمیں اس آزمائش میں کامیابی عطا فرمائے اور ہم سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close