پنجاب میں 762 مقامات پر چھاپے، محکمہ خوراک نے 90 ہزار سے زائد گندم کی بوریاں برآمد کر لیں، آپریشن چھٹیوں میں جاری رہے گا

لاہور(پی این آئی)پنجاب میں 762 مقامات پر چھاپے، محکمہ خوراک نے 90 ہزار سے زائد گندم کی بوریاں برآمد کر لیں، آپریشن چھٹیوں میں جاری رہے گا۔گندم کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے محکمہ خوراک نے 90ہزار سے زائد گندم کی بوریاں برآمد کر کے قبضے میں لے لی ہیں ، جس پر ذخیرہ

اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔762مقامات پر چھاپے مارے گئے اور 267گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 213ایف آئی آربھی درج کی گئی ہیں۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی ہدایات پر تعطیلات کے دوران بھی یہ ایکشن جاری رہے گا۔اس سلسلے میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور گوجرانوالہ،لیہ، خانیوال، منڈی بہاؤ الدین اور چکوال میں چھاپے مار کر گند م کے بھاری ذخائر قبضے میں لیے گئے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کی یہ منفی سرگرمیاں مارکیٹ میں منافع خوری اور قیمتو ں میں اضافے کا باعث بنتی ہیں، ذخیرہ اندوزی معاشرتی ناسور بن چکا ہے جس سے ہر حال میں چھٹکارا پانا ہوگا۔سینئر وزیر کا کہنا تھاپنجاب میں گندم خریداری مہم اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے اس مہم پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم سے حالیہ ملاقات میں پنجاب میں خورا ک کے شعبے سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی اور انشاء اللہ مستقبل میں نئی پالیسیوں کے تحت گندم کی خریداری عمل میں لائیں گے ،جس سے کاشتکاروں کو فائدہ حاصل ہوگا۔ علیم خان نے کہا حکومت کا کردار سہولت کار ی اور ریگولیٹری ہونا چاہیے جبکہ بزنس اورکاروباری سرگرمیاں پرائیویٹ اداروں کو کرنی چاہئیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پنجاب میں آٹے سمیت خوراک کا کوئی بحران نہیں آئے گا اور صورتحال تسلی بخش رہے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close