کراچی میں ڈاکو راج، نجی بینک سے ڈیڑھ کروڑ آسانی سے لوٹ لیے گئے

کراچی (پی این آئی)کراچی میں ڈاکو راج، نجی بینک سے ڈیڑھ کروڑ آسانی سے لوٹ لیے گئے۔شہر بھر میں پولیس ناکوں کے باوجود اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، عوامی کالونی کے علاقے میں نامعلوم مسلح ملزمان نجی بینک سے ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ اور سی سی ٹی وی سسٹم بھی ساتھ لے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق شہر بھر میں پولیس کی جانب سے لگائے گئے ناکے اور ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ منگل کے روز ضلع کورنگی کے علاقے عوامی کالونی تھانے کی حدود لانڈھی نمبر 6 میں قائم الائیڈ بینک پر 5 ملزمان نے دھاوا بول دیا اور بینک کے عملے و سیکیورٹی گارڈ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بناکر بینک کا صفایا کردیا، ملزمان 20 منٹ سے زائد تک واردات کے دوران ڈیڑھ کروڑ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ملزمان سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ اور بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کا سسٹم بھی ساتھ لے گئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ ، ڈی ایس پی لانڈھی عارف رزاق اور ایس ایچ او عوامی کالونی ہمایوں احمد جائے وقوع پر پہنچ گئے اور بینک عملے سے واردات سے متعلق معلومات لینا شروع کر دیں ، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ قبل از وقت کچھ نہیں کہا جا سکتا،ملزمان کی شناخت کے لئے پولیس اطراف کے کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کر رہی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں