کراچی (پی این آئی)کراچی کے ضلع غربی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پانی کے گڑھے میں نہاتے ہوئے 2 کمسن بھائیوں سمیت 5 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق بچوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کا افسوس ناک واقعہ سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر سیون اے میں پیش آیا ہے۔ڈی ایس پی ایڈمن ویسٹ زون
ناصر بخاری کے مطابق سیکٹر 7 اے میں واقع زیرِ تعمیر رہائشی پروجیکٹ کی بیسمنٹ کے لیے کھودے گئے گڑھے میں پانی جمع ہو گیا تھا جبکہ کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد لاک ڈاؤن کی وجہ سے تعمیراتی کمپنی نے کام ادھورا چھوڑ دیا تھا اور پروجیکٹ خالی پڑا تھا۔انہوں نے بتایا کہ گرمی کی شدت کے باعث یہ بچے گڑھے میں جمع ہونے والے پانی میں نہانے کے لیے اترے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے۔جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔جاں بحق بچوں کی شناخت 9 سالہ اسید احمد، اس کے بھائی 13 سالہ مقصود احمد، 14 سالہ زبیر، 13 سالہ ارمان طاہر اور 11 سالہ عبداللّٰہ کے ناموں سے ہوئی ہیں۔ڈی ایس پی ایڈمن ویسٹ زون ناصر بخاری نے یہ بھی بتایا ہے کہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے، ایک بچہ بچ گیا ہے، جس کے بیان سے صحیح صورتِ حال سامنے آئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں