جہلم(طارق مجید کھوکھر)ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید نذارت علی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق ہی ضلع جہلم میں کاروباری مراکز کھل سکیں گے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں
نے کہا کہ کووڈ-19 کی روک تھام سے متعلق حکومت کی جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والے کاروباری مراکز اور ان کے منتظمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس اور انتظامی افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو چیک کر رہی ہیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں درج ذیل دوکانیں ہی صرف صبح 9 بجے تا شام 5 بجے تک کھلی رہ سکتی ہیں۔ گراسری سٹور، کریانہ اسٹور، سپر مارکیٹ، ڈیپارٹمنٹل سٹور، گوشت فروش،، مچھلی کی دوکانیں، عینک ساز دوکانیں، بیکرز، کیڑے مار ادویات، بیج کھاد کی دوکانیں، آٹو ورکشاپ اور ریڑھی بان۔جبکہ دودھ کی دوکانیں، پولٹری و چکن شاپس رات 8 بجے تک کھلی رہ سکتی ہیں۔ نیزدرج ذیل دوکانیں رات 8 بجے کے بعد بھی کھلی رہ سکتی ہیں جن میں ایگریکلچر مشینری ورکشاپس اور سپیر پارٹس بنانے والی دوکانیں، پیٹرول پمپس اینڈ آئل ڈیپو، ایل پی جی فللنگ پلانٹ،میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز، فروٹ و سبزی کی دوکانیں، تندور آٹا چکی، ڈاک کورئیر سروسز، پرنٹنگ پریس، ٹیک آوے اور ہوم ڈلیوری کی سروس کے لئے ریستوران شامل ہیں۔تمام دوکانوں میں دوکانداروں اور گاہکوں کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق کام کرنے کی اجازت ہوگی، ایسے تمام دوکاندار سماجی فاصلے کو قائم رکھیں، ماسک، کے استعما ل کو یقینی بنائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں