منی بجٹ لانے کی تجویز پر وزیراعظم نےفیصلہ سنا دیا

اسلام آباد وزیراعظم شہباز شریف نے نئے بجٹ سے قبل منی بجٹ لانے کی تجاویز مسترد کردیں اور ایف بی آر پر واضح کیا ہے کہ تیل کی قیمتوں سے عوام پریشان ہے اس لیے مزید ٹیکس لگانے یا منی بجٹ لانے کا مت سوچیں اور ریونیو بڑھانے کے متبادل ذرائع تلاش کیے جائیں۔ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی کی کشیدگی کے باعث ٹیکس آمدن بڑھانے سے متعلق ہونے والے اہم اجلاس میں ایف بی آر کی جانب سے وزیراعظم میاں شہباز شریف کو مختلف ٹیکس تجاویز پیش کی گئیں جنہیں وزیراعظم نے مسترد کردیا۔ایف بی آر ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں سے عوام پریشان ہے اس لیے مزید ٹیکس لگانے یا منی بجٹ لانے کا مت سوچیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ایف بی آر کو مشرق وسطی کی کشیدہ صورت حال کے باعث بجٹ تجاویز میں مفصل مشاورت کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو مشرق وسطی کی کشیدہ صورت حال کے پیش نظر اہداف پر نظر ثانی کے لیے راضی کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے اور آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی ترجیحات حالات کے مطابق تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔آئندہ بجٹ میں افراط زر، مالیاتی خسارے سمیت اہم اہداف متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کرنٹ اکاونٹ خسارے کی تین سالہ بجٹ حکمت عملی سے اہداف بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے مالی سال کے لیے بجٹ سازی پر کام تیز کردیا گیا ہے اور رواں ماہ سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کے اجلاس متوقع ہیں اور بجٹ سازی کا عمل مکمل کرکے جون کے پہلے عشرے بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close