سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں: فتنہ الخوارج دہشت گردوں کا بڑ ا جانی نقصان

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں بنوں اور باڑہ میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے اضلاع خیبر اور بنوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاعات پر دو کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے۔

ان کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے گروہ ‘فتنہ الخوارج’ کے 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ترجمان کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 10 خوارج مارے گئے جبکہ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 3 خوارج ہلاک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ان علاقوں میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز تاحال جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں حکومت کے وژن “عزمِ استحکام” کے تحت کی جا رہی ہیں، اور سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف بھرپور انداز میں متحرک ہیں۔

پاک فوج نے ایک بار پھر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close