اسلام آباد وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کئے اور آئندہ بھی غریب طبقے کی ریلیف کے لئے اقدامات جاری رہیں گے،
تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور بچت کے مختلف اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپیہ کا ریلیف دیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کم آمدنی والے طبقات کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں ریلیف پہنچانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا ، متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے ،
عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ، اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیااور بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






