وزیراعظم شہباز شریف کا مشکل وقت میں خلیجی ممالک کیلئے بڑا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی بروقت فراہمی اور ان کے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

لاہور میں وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر ملک میں غذائی صورتحال اور اشیائے خورونوش کی برآمدات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو ملک میں موجود اشیائے خورونوش کے ذخائر اور پیداوار کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیائے خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی چیز کی قلت نہیں ہے۔ بریفنگ میں زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری اور سی فوڈ میں برآمد کی وسیع استعداد پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملکی غذائی ضروریات کے لیے اشیائے خورونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سپلائی چینز کے متاثر ہونے کے باوجود خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد کی صلاحیت بڑھی ہے اور خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی فراہمی اور ان کے غذائی تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وافر اشیائے خورونوش کی خلیجی ممالک میں برآمد کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے اور برآمدات میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پاکستان نیوی سپلائی چین (PNSC) کو ہدایت دی کہ خلیجی ممالک میں اشیائے خورونوش کی برآمد کے لیے ضروری اقدامات کرے۔

وزیراعظم نے ایک کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی اور خلیجی ممالک میں تعینات سفیروں اور تجارتی افسران کو متحرک رہنے کی ہدایات بھی دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close