پاکستان کا بھارت اور کینیڈا کے درمیان یورینیم سپلائی معاہدے پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت اور کینیڈا کے درمیان یورینیم سپلائی معاہدے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ یہ سول نیوکلیئر تعاون میں ایک اور استثنیٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا 1974 میں کیا گیا ایٹمی تجربہ ہی نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے قیام کا سبب بنا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنی تمام سول نیوکلیئر تنصیبات بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی نگرانی میں نہیں رکھیں اور کئی بھارتی نیوکلیئر تنصیبات اب بھی بین الاقوامی معائنے سے باہر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی یورینیم سپلائی بھارت کے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ معاہدہ جنوبی ایشیا کے اسٹریٹجک توازن کو متاثر کر سکتا ہے۔

پاکستان نے سول نیوکلیئر تعاون کے لیے غیر امتیازی اور اصولوں پر مبنی نظام پر زور دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ منتخب استثنیٰ عالمی عدم پھیلاؤ کے نظام کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close