آپریشن غضب للحق کی تفصیلات جاری

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے افغان طالبان کے خلاف جاری آپریشن ’’غضب للحق‘‘ کی اہم تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کر دیں۔

ان کے مطابق افغان طالبان نے شمالی بلوچستان کے اضلاع قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن سمیت مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 16 مقامات پر زمینی حملوں کی کوشش کی، جبکہ 25 مختلف مقامات پر پاک افواج کے خلاف فائر ریڈ کارروائیاں بھی کی گئیں۔ تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جواب دیتے ہوئے تمام حملوں کو پسپا کر دیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ اس دوران وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کا ایک جوان شہید جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔

خیبر پختونخوا میں بھی ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی جبکہ 12 مختلف مقامات پر فائر ریڈ کی کارروائیاں کی گئیں، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا۔ مزید برآں، صوبے میں رات بھر جاری رہنے والی کارروائیوں کے دوران 40 افغان طالبان ہلاک کیے گئے۔ عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ فالو اَپ آپریشنز تاحال جاری ہیں اور صورتحال سے متعلق مزید تفصیلی اپڈیٹ جلد جاری کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close