پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کے معاشی استحکام اور موسمیاتی اہداف کے حصول میں عالمی بینک کے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ملاقات کے دوران کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت اصلاحاتی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں انسانی سرمائے کی ترقی، آبادی کے مسائل، موسمیاتی تبدیلی اور زرعی شعبے کی بہتری جیسے امور زیر بحث آئے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سی پی ایف پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے پالیسی سازی اور عملی اقدامات میں وفاقی وزارتوں کی فعال شمولیت پر بھی بات کی۔
اعلامیے کے مطابق منصوبوں میں شفافیت اور مؤثر مانیٹرنگ میکانزم کو بہتر بنانے پر اتفاق ہوا جبکہ زراعت میں پیداوار بڑھانے اور ویلیو چین کو مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ وزیر خزانہ نے نجی شعبے کی شمولیت اور زرعی فنانسنگ تک رسائی میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ زرعی اصلاحات میں ورلڈ بینک اور آئی ایف سی کی معاونت حاصل رہے گی۔
ملاقات میں توانائی کے شعبے کی اصلاحات اور مالیاتی استحکام کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور عالمی بینک نے تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستان کے معاشی استحکام اور موسمیاتی اہداف کے حصول میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے ساختی اصلاحات اور گورننس کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






