کرک میں ایف سی قلعے پر کواڈ کاپٹر حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ زخمیوں کو منتقل کرنے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں فیڈرل کانسٹیبلری کے قلعے پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بعد ازاں پولیس نے بتایا کہ زخمی ایف سی اہلکاروں کو اسپتال لے جانے والی ایمبولینس پر بھی مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایمبولینس میں موجود 3 زخمی اہلکار شہید ہو گئے۔ ریسکیو اہلکار درگہ شہیدان کے علاقے میں فائرنگ سے متاثرہ اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر رہے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






