بنوں میں قافلے پر خودکش حملہ، اعلیٰ افسر سمیت دو جوان شہید

راولپنڈی: بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر شدت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز کو بارود سے بھری ایک گاڑی اور خودکش حملہ آور کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی، جس پر علاقے میں فوری آپریشن شروع کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران مشتبہ عناصر کا سراغ لگا لیا گیا۔ اگلے دستے نے ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو بروقت روکنے کی کوشش کی، تاہم حملہ آور نے مایوسی میں دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔

اس حملے میں لیفٹینننٹ کرنل شہزادہ گلفراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران پانچ شدت پسند بھی مارے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بنوں شہر کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا گیا اور دہشت گردوں کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر مقدس مہینے میں بھی اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان انسدادِ دہشت گردی کی مہم ’عزمِ استحکام‘ کے تحت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔ ترجمان کے مطابق فورسز کی قربانیاں قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close