بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں سلمان صفدر کی رپورٹ سامنے آ گئی

رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فوری اور مکمل طبی معائنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عدالتی احکامات پر فرینڈ آف کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے حوالے سے تفصیلی مشاہدات قلمبند کیے۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف سے معائنے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم سفارش کی گئی ہے کہ معائنہ کسی بھی مستند ماہر ڈاکٹر سے کروایا جا سکتا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے مطابق اکتوبر 2025 تک ان کی بینائی 6/6 تھی، لیکن اس کے بعد دائیں آنکھ سے دھندلا پن ظاہر ہوا۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بارہا آنکھ کی تکلیف سے آگاہ کیا، تاہم تین ماہ تک مناسب علاج نہیں کرایا گیا۔ بعد ازاں پمز کے ماہر چشم ڈاکٹر عارف نے ان کا معائنہ کیا، لیکن علاج کے باوجود دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ آنکھ میں خون جمنے سے شدید نقصان ہوا اور ملاقات کے دوران بھی آنکھ سے پانی آ رہا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بروقت طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں اور گزشتہ پانچ ماہ سے وکلا سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔

تنہائی کے باعث ان کی ذہنی صحت متاثر ہوئی، اور گرمی، مچھروں، سیل میں فریج نہ ہونے، فوڈ پوائزننگ کے واقعات اور ذاتی ڈاکٹر تک رسائی نہ دینے پر بھی تحفظات کا ذکر کیا گیا۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں، کتابوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، منصفانہ قانونی ٹرائل دیا جائے اور ان کے بیٹوں سے ٹیلیفون پر بات کرنے کا انتظام کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close