چینی دفتر خارجہ کی ترلائی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

چینی دفتر خارجہ نے اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت مذمت کی ہے۔

چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ دھماکے میں جانی نقصان پر انہیں گہرا صدمہ پہنچا اور چین قیمتی جانوں کے ضیاع پر سوگوار ہے۔ انہوں نے زخمیوں اور اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور قومی سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز ترلائی کے علاقے میں امام بارگاہ قصرِ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے بعد خودکش حملہ ہوا، جس میں 33 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور کو امام بارگاہ کے مرکزی دروازے پر روکا گیا، جہاں اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

حملے کے بعد منظرعام پر آنے والی فوٹیج اور تصاویر میں امام بارگاہ کے داخلی دروازے کے قریب لاشیں بکھری ہوئی نظر آئیں جبکہ اندر اور باہر زخمی افراد مدد کے لیے پکار رہے تھے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطابق حملے کے مرکزی منصوبہ ساز سمیت چار سہولت کاروں کو خیبر پختونخوا میں رات گئے کارروائیوں کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ متعدد اداروں کی مشترکہ تحقیقات کے بعد علی الصبح تمام مرکزی کرداروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close