پاکستان اور ملائیشیا کی بحریہ کے درمیان مستقبل پر مبنی تعاون پر اتفاق

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا جہاں پاکستان اور ملائیشیا کی بحری افواج کے درمیان مستقبل پر مبنی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف نے رائل ملائیشین نیوی کی قیادت سے ملاقات کی، رائل ملائیشین نیوی ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بحری سکیورٹی، آپریشنل تعاون اور صلاحیت سازی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈمرل نوید اشرف نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان نیوی کے کردار کو اجاگر کیا اور ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں پاک بحریہ کی مسلسل شرکت سے آگاہ کیا۔

نیول چیف نے ملائیشیا کے نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر کا بھی دورہ کیا جہاں تربیت اور ڈیٹا کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مستقبل پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوطرفہ بحری تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، جبکہ دورے کے دوران سمندری سکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ بحری شراکت داری، باہمی اعتماد اور آئندہ برسوں میں بحری تعاون کے عزم کا عکاس ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close