سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور اور ہرنائی میں کیے گئے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 216 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچا اور ان کی قیادت و کمانڈ سسٹم مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی تمام کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے غیر ملکی اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور جدید آلات کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کو بیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کیے جانے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری شہید ہوئے جبکہ مادر وطن کے دفاع میں 22 بہادر سیکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کے اہل خانہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close