وفاقی آئینی عدالت نے سرکاری ملازمین کی وفات کے بعد بچوں کو ملازمت دینے کے کوٹہ سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکمِ امتناع جاری کر دیا
جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سندھ حکومت کی اپیل پر ابتدائی سماعت کے بعد تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کر دیا۔ سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سپریم کورٹ کا سال 2024 کا فیصلہ ماضی پر نافذ العمل نہیں بلکہ اس کا اطلاق مخصوص قانونی دائرہ کار میں ہے۔
سندھ حکومت کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق نہ تو مستقبل میں ہوگا اور نہ ہی زیرِ التواء معاملات پر، تاہم یہ تشریح درست نہیں۔ وکیل کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے میں ماضی کے فیصلوں اور پہلے سے طے شدہ معاملات کو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے، جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی درست تشریح نہیں کی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کے لیے تاریخ مقرر کرنے کا عندیہ دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






