بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے نامزد کردہ شخصیت، سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے اور اس تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ تقرری اس وقت سامنے آئی ہے جب عمران خان کے نامزد کردہ محمود خان اچکزئی پہلے ہی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بن چکے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے راجا ناصر عباس کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ روایت کے مطابق ایوان میں قائد حزب اختلاف کی تقرری کا اعلان کریں گے۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد سینیٹر راجا ناصر عباس نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی نشست سنبھال لی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری سمیت دیگر نے راجا ناصر عباس سے مصافحہ کیا اور انہیں قائد حزب اختلاف کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ دوسری جانب ن لیگی سینیٹر ناصر بٹ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کیا پی ٹی آئی میں کوئی ایسا شخص نہیں تھا جس کو یہ عہدہ دیا جاتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






