اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس مرکز کا مقصد عوام کو ایک ہی جگہ پر متعدد سرکاری سہولیات فراہم کرنا ہے، جس سے شہریوں کے لیے خدمات حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔
انہوں نے آذربائیجان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی ایک قیمتی تحفہ ہے، جس کے لیے ماہرین نے آذربائیجان سے خصوصی تربیت حاصل کی ہے۔ وزیراعظم نے مرکز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور خدمات کی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں مظفرآباد، بلوچستان، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی ایسے مراکز قائم کیے جائیں گے، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہ مرکز اسی عزم کی عملی تصویر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






