چین کے سرکاری ادارے نے پہلی بار پاک بھارت جنگ میں جے ٹین سی ای طیارے کی عملی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین کی قومی دفاعی سائنس و ٹیکنالوجی صنعت کی جانب سے کہا گیا کہ جے ٹین سی ای نے مئی 2025 میں اپنی پہلی عملی جنگی کامیابی حاصل کی، جس میں طیارے نے فضائی لڑائی کے دوران متعدد دشمن طیاروں کو مار گرایا اور خود کسی نقصان سے محفوظ رہا۔
چینی حکام نے بتایا کہ یہ کامیابی طیارے کی عملی افادیت کا واضح ثبوت ہے اور اس سے دیگر چینی دفاعی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں رسائی کو بھی فروغ ملے گا۔ یہ کامیابی چین کی دفاعی سائنس و ٹیکنالوجی صنعت کی جانب سے جاری کردہ 2025 کی دس اہم ترین خبروں میں بھی شامل کی گئی ہے۔ سرکاری اعلان میں بتایا گیا کہ جے ٹین سی ای جدید ریڈار اور ہتھیاروں سے لیس ہے اور یہ آل ویدر، سنگل انجن، سنگل سیٹ ملٹی رول جنگی طیارہ ہے جو فضائی برتری، انٹرسیپشن اور مختلف حملوں کی صلاحیت رکھتا ہے۔
چینی حکام نے مزید کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ملک کی ہوابازی کی صنعت نے سول ایوی ایشن اور ملٹری ایکسپورٹ کے میدانوں میں تیزی سے ترقی کی ہے۔ واضح رہے کہ پاک افواج نے مئی میں جھڑپ کے دوران رافیل سمیت بھارت کے کئی طیارے مار گرائے تھے۔ امریکی صدر سابقہ طور پر کئی بار سات سے آٹھ طیاروں کے مار گرائے جانے کا ذکر کر چکے ہیں، جبکہ بھارتی افواج کے سربراہ جنرل انیل چوہان نے اپنے طیاروں کے نقصان کا اعتراف کیا تھا، تاہم اصل تعداد ظاہر نہیں کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






