اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے اکتوبر سے دسمبر 2025 کی سہ ماہی کے دوران توشہ خانہ میں جمع کروائے گئے تحائف کا تفصیلی ریکارڈ جاری کر دیا ہے، جس میں اعلیٰ ریاستی و حکومتی شخصیات کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات شامل ہیں۔
جاری کردہ دستاویزات کے مطابق اس عرصے میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، فرسٹ لیڈی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ ان شخصیات میں شامل ہیں جنہیں مختلف تحائف موصول ہوئے۔ اسی فہرست میں معاون خصوصی طارق فاطمی، صدر کے ملٹری سیکرٹری، صدر کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ، مشرف زیدی، ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک، سیکرٹری اقتصادی امور، سیکرٹری آئی ٹی، صدر کے اے ڈی سی سمیت دیگر افسران اور حکام کے نام بھی شامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق موصول ہونے والے تحائف میں روضۂ رسول ﷺ، خانہ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیوم، شیلڈز، قالین، ٹی سیٹ، تلواریں، خنجر، گلدان، گھڑیاں، آرائشی اشیا، سعودی کافی، کتب، رائل کیپ، یادگاری اشیا، ٹیبل واچ، میٹرو بس کا ماڈل، قہوہ پاٹ، ملبوسات، میوزیکل آلات، کمبل، اسکارف اور ٹائیز سمیت دیگر قیمتی تحائف شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران وصول کیے گئے تمام تحائف مقررہ قواعد کے تحت توشہ خانہ میں جمع کرا دیے گئے ہیں، جبکہ ان تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ جاری کردہ فہرست میں تحائف دینے والوں کے نام شامل نہیں کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی آخری ششماہی (جنوری تا جون 2025) کی فہرست میں ملکی اور غیر ملکی تحائف دینے والوں کی تفصیل بھی موجود تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






