فیلڈ مارشل کو دھمکی کا معاملہ، قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کو ڈیمارش جاری

**پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دھمکی پر برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر کو ڈیمارش جاری کیا**

اسلام آباد: پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دھمکی آمیز ویڈیو کے معاملے پر قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کو باقاعدہ ڈیمارش جاری کر دی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امید کرتا ہے کہ برطانیہ اس معاملے میں متعلقہ شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔

یہ ڈیمارش برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی عدم موجودگی میں ان کے قائم مقام کو دیا گیا، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانوی حکومت دھمکی دینے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی اقدامات اٹھائے۔

واضح رہے کہ 23 دسمبر 2025 کو پی ٹی آئی کے برطانیہ سے منسلک سرکاری اکاؤنٹ سے ایک انتہائی اشتعال انگیز ویڈیو جاری کی گئی تھی، جس میں مظاہرین نے کھلے عام فیلڈ مارشل عاصم منیر کو قتل کی دھمکی دی تھی۔ ویڈیو میں ایک خاتون نے کہا، “کوئی بھی آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کو کار بم دھماکے میں قتل کر دے گا۔”

یہ ویڈیو بعد ازاں پی ٹی آئی کے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ یہ دھمکی آمیز مواد نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بلکہ برطانیہ کے اپنے انسدادِ دہشتگردی ایکٹ 2006 کے تحت بھی سنگین جرم تصور کیا جاتا ہے۔

پاکستان نے زور دیا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 1373 کے تحت تمام ریاستیں دہشتگردی، تشدد پر اکسانے اور اس کی معاونت روکنے کے لیے پابند ہیں۔ برطانیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی اور تشدد پھیلانے کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close