یو اے ای کے صدر پاکستان پہنچ گئے، فضائی سلامی سے تاریخی استقبال

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے۔ ان کی آمد پر دارالحکومت میں شاندار اور تاریخی استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں نے یو اے ای کے صدر کے طیارے کو حفاظتی حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی، جو دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل وفد بھی موجود ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کا عکاس ہے، جس سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی منصوبوں اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ دورے کے دوران معزز مہمان کی صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

صدر متحدہ عرب امارات کے دورۂ پاکستان کے پیشِ نظر اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آج چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس 26 دسمبر کو بند رہیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close