وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمہوریہ ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای منسو کرمباکس کے ساتھ اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں تجارتی روابط، تعلیم، سیاحت، زراعت اور عوامی تبادلے جیسے شعبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ مریم نواز نے چاول، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمد بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے پنجاب میں سیاحت، زرعی پروسیسنگ، ہلکی انجینئرنگ اور حلال فوڈ کے شعبوں میں ماریشس کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہا۔ بلیو اکانومی اور چینی صنعت میں تکنیکی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے گرین انرجی اور سبز نقل و حمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
ماریشس کے ہائی کمشنر نے پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی احترام پر مبنی تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






