سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 7 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے بہادر سپوت نائیک یاسر خان نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلاچی کے علاقے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے پر آپریشن کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 خوارج مارے گئے جبکہ شہید نائیک یاسر خان نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جان قربان کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جو متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ بیان کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے مکمل طور پر ختم کیا جائے گا اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






