فیض حمید کی سزا پر اہم سیاسی رہنماؤں کا بڑا ردِعمل سامنے آ گیا

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی 14 سال قید بامشقت کی سزا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم برسوں فیض حمید اور جنرل باجوہ کے بوئے ہوئے بیجوں کی فصل کاٹے گی۔ خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر کہا کہ اللہ ہمیں طاقت اور اقتدار کو اللہ کی عطا سمجھ کر اس کی مخلوق کے لیے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے، اور خوف خدا حکمرانوں کا شیوہ بنے، آمین۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے فیض حمید کی سزا کو تاریخی فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ اور حق و سچ کی فتح ہے، پاک فوج کا سسٹم اور قانونی میکنزم بہت مضبوط ہیں۔ فیض حمید نے بطور پی ٹی آئی کے سیاسی مشیر ملک میں سازشیں کیں اور آج کا فیصلہ تاریخی ہے۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ فیض حمید نے ریڈ لائن کراس کی، ریٹائرمنٹ کے بعد سیاسی سرگرمیوں پر قدغن کے باوجود وہ پی ٹی آئی کے سیاسی مشیر بنے اور مکمل سیاسی سپورٹ فراہم کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات میں انتشار پھیلانا اور ریاست کے خلاف بغاوت کرنا ثابت ہوا، ہاؤسنگ سوسائٹی کے کیسز اور اختیارات کے غلط استعمال کے معاملات ناقابل تردید ہیں۔ یہ فیصلہ قانون و انصاف کے نظام کو مضبوط کرے گا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ فیض حمید کو اپنے دفاع میں ثبوت اور گواہ پیش کرنے کا بھرپور موقع دیا گیا، سیاسی وابستگی اور سازشیں ثابت ہو چکی ہیں اور 9 مئی کے سنگین معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کہا کہ فیض حمید سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے اور کسی سیاسی جماعت یا سیاستدان کے ساتھ تعلق رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں ہر کسی کا احتساب ہوتا ہے اور اگر معاملہ سیاسی جماعت تک جائے گا تو فوجی عدالت میں کارروائی ہوگی۔ رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ فیصلے میں 9 مئی کا ذکر شامل ہے اور پی ٹی آئی کے اہم رہنما بھی ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے۔ آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی پر تھری اسٹار جنرل کے خلاف کورٹ مارشل ہوا اور سزا دی گئی۔

واضح رہے کہ وجی عدالت نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اگست 2024 کو پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت فیض حمید کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوا تھا اور فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل 15 ماہ تک جاری رہا۔ عدالت نے 11 دسمبر کو ملزم کو سزا سنائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close