ملک بھرمیں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا

کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز نے کل سے ملک بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ہڑتال ان کے مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز نے ملک بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جو کل سے نافذ العمل ہوگی۔

ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہڑتال کے دوران تمام بندرگاہوں پر ٹرانسپورٹ آپریشنز، لوڈنگ اور ان لوڈنگ مکمل طور پر بند ہوں گے۔ صدر ٹرانسپورٹرز گڈز ایسوسی ایشن ملک شہزاد کا کہنا تھا کہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی اور وہ اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ملک شہزاد نے کہا کہ حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، کیونکہ ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت چاہتی ہے کہ وہ اپنا کاروبار مکمل بند کر دیں؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی ہڑتال کے باعث اشیائے خوردونوش کی ترسیل متاثر ہو رہی ہے اور کئی ٹرک اور کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں۔ صدر گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بروقت ترسیل متاثر ہونے کی ذمہ داری حکومت پر ہے۔

لوکل گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر طارق گجر نے بتایا کہ اجلاس میں مکمل اتفاق رائے کے بعد ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کل سے پورے ملک میں لوڈنگ، ان لوڈنگ اور دیگر ٹرانسپورٹ آپریشنز بند ہوں گے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس شکیل قریشی نے کہا کہ وزیر ٹرانسپورٹ نے مذاکرات کے دوران مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم پنجاب حکومت نے ٹویٹ کے ذریعے مذاکرات میں پیشرفت سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا اور ٹرانسپورٹرز اپنا حق حاصل کرنے تک ہڑتال سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close