نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے پیشِ نظر مسافروں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق، دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہونے سے موٹروے اور قومی شاہراہوں پر حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر دھند انتہائی شدید ہو تو مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر متعلقہ موٹروے سیکشنز عارضی طور پر بھی بند کیے جا سکتے ہیں۔
ترجمان نے سفری احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو صبح 10 بجے سے شام 8 بجے کے درمیان ہی سفر کرنا چاہیے اور رات کے وقت غیر ضروری سفر سے مکمل اجتناب کرنا چاہیے۔ ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھند کے دوران اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، وائپرز درست رکھیں، اگلی گاڑی سے زیادہ فاصلہ برقرار رکھیں اور ہائی بیم لائٹس کا استعمال ہرگز نہ کریں۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے ہیلپ لائن 130، ایف ایم 95 ریڈیو یا سوشل میڈیا چینلز استعمال کریں۔ ترجمان نے زور دے کر کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور موٹروے پولیس کی ٹیمیں 24 گھنٹے چوکس حالت میں برسرِخدمت ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






