پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ امور کے حالیہ بیان میں دیے گئے انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور مسلح افواج سمیت تمام ادارے قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں، جو ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مئی 2025 کی جھڑپ نے واضح کر دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے مکمل پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور ذمہ داری کے ساتھ بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا، اور کوئی بھی پروپیگنڈا اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی قیادت پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کے لیے منظم پروپیگنڈا مہم چلا رہی ہے، جس کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والے بھارتی اقدامات اور پاکستان میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اشتعال انگیز بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کو خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کی کوئی فکر نہیں۔
پاکستان نے واضح کیا کہ بھارتی قیادت کو پاکستان کی مسلح افواج پر بے بنیاد تبصرے کرنے کے بجائے فاشسٹ اور انتہا پسندانہ ہندوتوا نظریے پر توجہ دینی چاہیے، جو بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں قتل، ماورائے عدالت کارروائیوں، بلاجواز گرفتاریوں اور عبادت گاہوں و املاک کی مسماری جیسے واقعات کو فروغ دے رہا ہے۔
پاکستان کا مؤقف ہے کہ بھارتی ریاست اور اس کی قیادت مذہب کے نام پر پھیلائی جانے والی انتہا پسندی کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، تاہم ملک اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد، مضبوط اور پرعزم ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






