کن پی ٹی آئی رہنماؤں کو بیرون ملک جانے کی کوشش پر روکا گیا؟ عطا تارڑ نے بتادیا

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کل پی ٹی آئی کے دو رہنماؤں کو بیرون ملک جانے سے روکا گیا، کیونکہ وہ نوفلائی لسٹ میں شامل تھے اور ریاست کے خلاف بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان رہنماؤں کی ملاقاتیں بھی بند ہیں، اور جو لوگ جیل سے نکل کر سیاسی گفتگو کرتے ہیں، ان کی ملاقاتیں بھی نہیں ہوں گی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بالکل درست باتیں کیں اور ان کی توثیق کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عظمیٰ خان نے خلاف ورزی نہیں کی تھی، تاہم دیگر نے خلاف ورزی کی، اور اڈیالہ کے باہر اب مجمع لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اگر آئیں تو قانون کے مطابق ان سے نمٹا جائے گا، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے احترام برقرار رہے گا۔ اگر وزیراعلیٰ کے پی اڈیالہ آئیں تو انہیں ناکے سے ہی واپس بھیج دیا جائے گا، اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی گرفتاری بھی خارج از امکان نہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ پی ٹی آئی کے رویے میں بہتری آنے پر ملاقاتیں ممکن ہیں، لیکن وزیراعلیٰ کے پی کو اڈیالہ کے باہر انتظار کرنے کا مینڈیٹ نہیں ملا، بلکہ ان کا مینڈیٹ امن و امان کی صورتحال پر توجہ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ کے باہر کھڑے ہونا مینڈیٹ کی توہین ہے، اور بانی کی بہنوں کی ملاقات اس لیے کرائی گئی کہ وہ ٹویٹ نہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close