سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ خوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے اہم کامیابی حاصل کرلی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ٹانک میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے میں 7 خوارج مارے گئے۔ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنا کر آپریشن مؤثر انداز میں مکمل کیا۔ اسی طرح لکی مروت میں بھی خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی جس میں 2 خوارج ہلاک ہوئے۔ دونوں کارروائیوں کے دوران بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جن کی ماضی میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں شمولیت کی تصدیق ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

قومی قیادت کا اظہارِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹانک اور لکی مروت میں فتنۂ خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی یہ کامیابیاں قابلِ فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ صدرِ مملکت نے بھی دونوں کارروائیوں کو سراہتے ہوئے فورسز کے بروقت ردِعمل اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر ستائش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اور قوم کا حوصلہ اس فتنے کے مکمل خاتمے تک برقرار ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی دونوں آپریشنز میں 9 خوارجیوں کی ہلاکت کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے پی میں امن کے قیام کے لیے فورسز بھرپور عزم سے سرگرم ہیں، اور دشمن کے عزائم کو ہر محاذ پر ناکامی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close