این ایف سی اجلاس ختم، اہم فیصلے ، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

اسلام آباد: قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں 6 سے 7 ورکنگ گروپ بنانے اور سابق فاٹا کے معاملے پر الگ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں گیارہویں کمیشن میں آبادی کے شیئر کو کم اور ٹیکس آمدن کے شیئر کو زیادہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ جنگلات کے شیئر کو شامل کرکے محاصل کے فارمولے میں تبدیلی کی بھی بات ہوئی۔ وفاق نے ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو محاصل اور کارکردگی پر رپورٹ فراہم کی، جبکہ نئے این ایف سی کے لیے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان نے اپنی ورکنگ تیار کی۔

خیبر پختونخوا کی تجاویز میں ضم شدہ اضلاع اور وار آن ٹیرر کے حصے کو بڑھانے کی تجویز شامل تھی، جبکہ سندھ نے وفاق کی تجاویز پر اپنی سفارشات دینے کا مؤقف اختیار کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس میں وزرائے اعلیٰ اور صوبائی وزرائے خزانہ کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے معاملات کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانا حکومت کی منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف مکالمہ این ایف سی سے متعلق قیاس آرائیوں اور خدشات کا بہترین حل ہے، اور صوبوں کا نیشنل فِسکل پیکٹ پر دستخط اور سر پلسز کا حصول قابل تحسین ہے۔

محمد اورنگزیب نے صوبوں کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد میں صوبوں کا تعاون بھی قابل قدر ہے۔ این ایف سی کا آئندہ اجلاس 8 یا 15 جنوری 2026 کو ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close