سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی سے متعلق خبریں سچ یا جھوٹ؟ وفاقی وزیر کا اہم بیان آگیا

اسلام آباد: وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں پی ٹی آئی ارکان کے احتجاج اور ملاقاتوں سے متعلق سوالات کے جواب میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ جھوٹ اور بے بنیاد ہیں، وہ بالکل صحت مند ہیں اور انہیں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیر برائے پارلیمانی امور نے مزید کہا کہ جعلی اطلاعات بھارتی میڈیا نے پھیلائی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے بات ہوئی ہے، وہ بالکل صحت مند ہیں۔

سینیٹ کا اجلاس صدر سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں دوبارہ شروع ہوا، جس دوران وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے سینیٹ میں نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2025 پیش کیا، جسے متعلقہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا۔ اجلاس اب دوبارہ پیر کو شام چار بجے کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

اس سے قبل وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی پاکستان کے تاریخ میں پہلے وی آئی پی قیدی ہیں، اور ان کے لیے مبینہ طور پر مرغی، ورزش کے آلات اور چھ الگ کمرے فراہم کیے گئے ہیں، جو دیگر قیدیوں کو نہیں دیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close