بھارتی وزیر دفاع کے سندھ سے متعلق متنازع بیان ، پاکستان کا شدید ردعمل سامنے آ گیا

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے سندھ سے متعلق بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان حقیقت سے فرار اور انتہائی خطرناک ذہنیت کا عکاس ہے۔ ترجمان طاہر حسین اندرابی کے مطابق اس قسم کی گفتگو توسیع پسند ہندوتوا سوچ کی نشاندہی کرتی ہے جو عالمی قوانین، سرحدوں اور ریاستی خود مختاری کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ سمیت بھارتی قیادت اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے کیونکہ ایسے بیانات خطے کے امن اور استحکام کیلئے سنگین خطرہ بنتے ہیں۔ ترجمان نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اقلیتوں کے تحفظ پر توجہ دے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اقدامات کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کو عالمی قوانین کی بنیاد پر پرامن طریقے سے حل کرنے کیلئے پُرعزم ہے اور اپنی سلامتی، آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close