ڈیرہ اسمٰعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم ‘فتنۃ الخوارج’ کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی 24 ستمبر 2025 کو ڈرابن کے علاقے میں کی گئی۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو اطلاعات ملی تھیں کہ مذکورہ علاقے میں بھارتی پراکسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد موجود ہیں، جو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تمام 13 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک شدہ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ان کا تعلق ’فتنۃ الخوارج‘ نامی بھارتی حمایت یافتہ گروہ سے تھا، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ دہشت گرد دسمبر 2023 میں ڈرابن میں ہونے والے خودکش حملے کی سہولت کاری، سرکاری اہلکاروں اور عام شہریوں کے اغوا، اور ٹارگٹ کلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے اعادہ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی اور پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں