وزیراعظم کا بڑا ریلیف پیکیج:بجلی بلوں کی وصولی فوری طور پر روک دی گئی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے اگست کے بجلی بلوں کی وصولی فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی بلوں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ صارفین سے اگست کے بلوں کی وصولی نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو اس حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے بجلی بل ریلیف پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا، جبکہ جن صارفین سے اگست کے بل وصول ہوچکے ہیں، ان کی رقم آئندہ ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملک بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ متاثرین کی بحالی تک تمام وفاقی و صوبائی ادارے سرگرم رہیں۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ جب تک متاثرہ خاندان اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹتے، حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close