ایران کے صدر مسعود پزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کا طیارہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا، جہاں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبالیہ تقریب کے دوران ایئرپورٹ کو پاکستان اور ایران کے پرچموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا، جب کہ ریڈ کارپٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ایرانی صدر، نواز شریف اور مریم نواز ایک ہی گاڑی میں ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔ ایرانی صدر کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مسعود پزشکیان اپنے قیام کے دوران صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر اہم مذاکرات بھی متوقع ہیں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 27 مئی 2025 کو ایران کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد یہ ایرانی صدر کا پہلا جوابی سرکاری دورہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں