وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ترسیلات زر اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے وزارتِ خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ ورکرز رمیٹنس انسینٹو اسکیم (Workers’ Remittances Incentive Scheme) کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فوری فنڈز جاری کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی طاقت اور قیمتی اثاثہ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک محنت کرنے والے پاکستانیوں کی بھیجی گئی ترسیلات زر نہ صرف ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں بلکہ ان کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2025 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 38.3 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر بھیجیں، جو گزشتہ 14 سال میں پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوئیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان ترسیلات زر سے درآمدی ادائیگیوں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاہے وہ مزدور ہوں یا کاروباری افراد، سبھی اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعے ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ترسیلات زر کے نظام کو مزید سہل، مؤثر اور جدید بنایا جا رہا ہے، اور اس راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں