دنیا کے طاقتور اور کمزور پاسپورٹس کی نئی فہرست جاری، پاکستان کا کونسا نمبر؟

دنیا بھر کے پاسپورٹس کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی گئی ہے، جس میں پاکستان کا شمار ایک بار پھر کمزور ترین پاسپورٹس میں ہوا ہے۔

ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ فہرست کے مطابق ایشیائی ملک سنگاپور دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار پایا ہے، جس کے حامل افراد 193 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔

جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، جن کے شہری 190 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

جرمنی، فرانس، اٹلی، آئرلینڈ سمیت کئی یورپی ممالک بھی ٹاپ 5 میں شامل ہیں، جن کے پاسپورٹ پر 189 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔

چوتھے نمبر پر بیلجیئم، آسٹریا، لگزمبرگ، ناروے، پرتگال اور سویڈن شامل ہیں، جن کے شہری 188 ممالک تک بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

ایک وقت میں دنیا کا طاقتور ترین سمجھا جانے والا امریکی پاسپورٹ اب 10ویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ گزشتہ 10 برسوں میں سب سے تیزی سے اوپر گیا ہے اور اب یہ 34 درجے ترقی کے بعد 8ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

اسی طرح چین نے بھی 34 درجے بہتری کے ساتھ 60ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان کا شمار چوتھے کمزور ترین ملک کے طور پر کیا گیا ہے، جو کہ صومالیہ اور یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 96ویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ پر صرف 32 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت موجود ہے۔

عراق اس فہرست میں 97ویں، شام 98ویں اور افغانستان سب سے نچلے یعنی 99ویں نمبر پر موجود ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close