5 خطرناک ڈاکوؤں نے سرنڈر کردیا

رحیم یار خان میں کچے کے علاقے سے مزید 5 خطرناک ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں جاری مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں کچے کے علاقے میں سرگرم پانچ بدنام زمانہ ڈاکو سرنڈر کرنے پر مجبور ہوئے۔ ہتھیار ڈالنے والوں میں عبدالحکیم لٹھانی، دادلہ دنوانی، نوخلف دشتی، امین دشتی اور شائق سکھانی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق یہ ملزمان پولیس مقابلوں، ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان سمیت سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ ان کا تعلق کچے کے مختلف علاقوں جیسے چکر بوٹ، راجن پور، روجھان، بخشہ آباد، کچہ راضی اور گڑھی خیر محمد جھک سے ہے۔

ڈی پی او عرفان علی سموں کا کہنا تھا کہ سرنڈر کرنے والے افراد کو قانون کے مطابق بہتر زندگی گزارنے کا موقع دیا جائے گا، اور وہ عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں گے۔ پولیس انہیں قانونی رہنمائی اور مدد بھی فراہم کرے گی تاکہ وہ پرامن شہری بن کر زندگی گزار سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close