بابا وانگا، جن کا اصل نام وینگیلیا پانڈیوا گوشتیرووا تھا،
بلغاریہ کی ایک نابینا خاتون تھیں جنہیں روحانی پیشگوئیوں کے باعث عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ بلغاریہ میں انہیں نہایت احترام سے دیکھا جاتا تھا۔ انہوں نے اپنی زندگی میں متعدد ایسی پیشگوئیاں کیں جو وقت کے ساتھ درست ثابت ہوئیں۔ بابا وانگا 1996 میں 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
وہ 1911 میں پیدا ہوئیں اور 12 سال کی عمر میں ایک شدید طوفان کے دوران پراسرار انداز میں اپنی بینائی سے محروم ہو گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نابینا ہونے کے بعد انہیں خدا کی جانب سے مستقبل کو دیکھنے کی نایاب صلاحیت ملی۔ ان کی پیشگوئیاں 5079 تک محیط ہیں، جس سال کے متعلق ان کا یقین تھا کہ دنیا ختم ہو جائے گی۔
بابا وانگا نے کئی بڑے عالمی واقعات کی پیشگوئی کی، جن میں 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملے، سوویت یونین کا خاتمہ، شہزادی ڈیانا کی موت، 2004 کا تباہ کن تھائی لینڈ سونامی اور باراک اوباما کی امریکہ کے صدر کے طور پر کامیابی شامل ہیں۔ ان پیشگوئیوں کی درستگی نے انہیں “بلقان کی نوسٹراڈیمس” کا خطاب دلایا۔
انہوں نے ایک مصنف ویلنٹن سیدوروف کو بتایا تھا کہ مستقبل میں روس دنیا پر حکمرانی کرے گا، جبکہ یورپ تباہ حال بنجر زمین میں تبدیل ہو جائے گا۔ ان کے مطابق “سب کچھ برف کی مانند پگھل جائے گا، صرف ایک ہی چیز باقی رہے گی: ولادیمیر کی شان اور روس کی عظمت۔” بابا وانگا کے بقول روس کو کوئی نہیں روک سکے گا اور ولادیمیر پیوٹن دنیا بھر میں حکومت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2028 میں دنیا ایک نئی طاقت کے منبع کو دریافت کرے گی، جس کے بعد بھوک کا خاتمہ ہو جائے گا اور انسان زہرہ (Venus) تک پہنچ جائیں گے۔ 2033 میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سمندر کی سطح بلند ہو گی، جو دنیا بھر کے لیے ایک بڑا خطرہ ہوگا۔ 2046 تک سائنس اور طب میں حیرت انگیز ترقی ہوگی اور مصنوعی اعضاء بڑے پیمانے پر تیار کیے جائیں گے، جس سے طویل عمر، کئی بیماریوں کا خاتمہ اور علاج میں انقلابی تبدیلی ممکن ہو گی۔
بابا وانگا کی ایک اور چونکا دینے والی پیشگوئی یہ تھی کہ 2088 میں ایک پراسرار وائرس نمودار ہوگا جس سے انسانوں کی عمر تیزی سے کم ہونا شروع ہو جائے گی اور جسمانی زوال تیزی سے آئے گا۔ انہوں نے نہ صرف مسلم حکمرانی بلکہ دنیا بھر کے اہم واقعات سے متعلق متعدد دعوے کیے، جن پر آج بھی دنیا بھر میں بحث جاری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں