لاہور: خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مولانا فضل الرحمان کو براہِ راست چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ہمارے مینڈیٹ کو جعلی سمجھتے ہیں، تو وہ میرے بھائی کے خلاف الیکشن لڑ کر جیت کر دکھائیں، اگر ہار گئے تو سیاست سے کنارہ کشی اختیار کریں۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا خود فارم 47 سے جیت کر آئے ہیں، لہٰذا ہمیں جعلی مینڈیٹ کا طعنہ دینا ان کے شایان شان نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ہمیں تبدیلی کا مشورہ دینے سے پہلے خود میں تبدیلی لے آئیں تو بہتر ہوگا۔
یہ بیان مولانا فضل الرحمان کے حالیہ تبصرے کے جواب میں آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت میں تبدیلی آنی چاہیے، لیکن یہ تبدیلی پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے ہو۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت حکومت گرانے کی خواہش نہیں رکھتی، لیکن علی امین گنڈاپور کے طرزِ سیاست پر تحفظات ضرور ہیں۔ ان کے مطابق گنڈاپور کی زبان اور رویہ غیر مناسب ہے، جو سیاسی ماحول کو مزید خراب کر رہا ہے۔
سیاسی حلقوں میں اس بیان بازی کو آنے والے دنوں میں خیبرپختونخوا کی سیاست میں نئی گرما گرمی کا پیش خیمہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں