بیرون ملک جانیوالوں کیلئے اہم خبر آ گئی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو برسوں میں گرین پاسپورٹ کی اہمیت اور وقعت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سفری سہولیات بڑھانے اور پاسپورٹ نظام کو جدید بنانے کیلئے سرگرم ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بلیو پاسپورٹ کا وعدہ کیا تھا، ہم اس سمت میں پیش رفت کر رہے ہیں۔ہم نے پاسپورٹ ریکنگ کے نظام پر کام کیا ہے تاکہ عوام کو سہولت ہو۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمان میں پاکستانیوں کے ویزے کھلوائے گئے ہیں۔متحدہ عرب امارات سے بھی ویزا مسائل پر بات چیت جاری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی بڑا شہر ہے، مسائل بھی زیادہ ہیں لیکن حکومت ان کے حل کیلئے سنجیدہ ہے،ہم سب کی کوشش ہے کہ صحت مند کراچی ہو، کیونکہ صحت مند کراچی کا مطلب ہے صحت مند پاکستان۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سیف سٹی منصوبے پر وزیراعظم کی خصوصی توجہ ہے۔سیف سٹی جیسے نظام سے فیصل آباد میں جرائم میں واضح کمی آئی ہے۔سندھ پولیس کو جرائم میں کمی پر کریڈٹ دینا چاہئے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انکروچمنٹ کے خاتمے کیلئے سزا و جزا ضروری ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف بھی اس معاملے پر متوجہ ہیں،اسلام آباد میں انکروچمنٹ پر جرمانے بڑھا دیئے گئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دس دن پُرامن گزرے، موبائل سروس کی بندش کم سے کم رکھی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کچھ ماہ قبل یہاں سے ڈالر سمیت دیگر اشیاء اسمگل ہو رہی تھیں، مگر اب صورت حال قابو میں ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹیکس نظام، سیکیورٹی، اور شہری سہولیات میں بہتری کے ذریعے پاکستان کو ایک بہتر مقام دلایا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close