بھارت پاکستان کا پانی روکنا چاہتا ہے، جو کبھی نہیں ہو پائے گا، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خوش قسمت ہے اس کے پاس ترکیے اور آذربائیجان جیسے سچے دوست ہیں۔
وزیراعظم نے سہ فریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے صدر اور عوام کو یوم آزادی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، سہ فریقی اجلاس اس عزم کا اعادہ ہے کہ ہم نے تعاون اور دوستی کو نئی بلندی تک لے جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیے اور آذربائیجان مشترکہ مذہب، اقدار، ثقافت اور تاریخ میں بندھے ہوئے ہیں، تینوں ممالک بنیادی ایشوز پر ایک دوسرے کی بھرپورحمایت کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت نے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔ بھارت نے پہلگام واقعے سے متعلق کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، ہم نے بھارت کو غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی جس کو بھارت نے مسترد کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پاک بھارت تنازع میں ترکیے اور آذربائیجان پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان خوش قسمت ہے کہ اس کے پاس ترکیے اور آذربائیجان جیسے سچے دوست ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ تینوں ممالک اعلیٰ اقدار، امن اور انصاف کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، آذربائیجان اور ترکیے کا حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستانی عوام برادر ملک ترکیے اور آذربائیجان کی حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں قائدانہ کردار ادا کیا، افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا دلیری سے جواب دیا، ہم امن کے خواہاں ہیں اور ہمیشہ امن کی بات کی ہے، مسائل کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر حل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پانی 24 کروڑ لوگوں کی لائف لائن ہے، بھارت پاکستان کا پانی روکنا چاہتا ہے، جو کبھی نہیں ہو پائے گا، بھارت کا پاکستان کے حصے کے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا افسوس ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں، ہم کل بھی امن کے خواہاں تھے، آج بھی ہیں اور امن کے خواہاں رہیں گے، ہمیں امن کے لیے بیٹھ کر بات کرنی ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ فوری توجہ کے متقاضی معلامات پر بیٹھ کر بات کرنی ہوگی، ہمیں کشمیر اور پانی کے مسئلے پر بات کرنی ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق چاہتے ہیں، پاکستان دنیا میں دہشت گردی سے متاثرہ سب سے بڑا ملک ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کےلیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں