بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دھماکے سے 11 مزدور جاں بحق اور متعدد کان کن زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدروں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور دھماکے کی جگہ کو تحویل میں لیکر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی کا بتانا ہے کہ شاہرگ کے علاقے میں دھماکے سے 9 مزدور جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعد ازاں مزید 2 مزدور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔شاہرگ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق شانگلہ کے گاؤں پورن سے ہے۔ترجمان حکومت بلوچستان نے شاہرگ دھماکےمیں مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکےکے زخمیوں کا شاہرگ اسپتال میں علاج جاری ہے۔ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ شاہرگ میں دھماکےکی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق سڑک کنارے دھماکا خیز مواد نصب تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں