حکومت اور پی ٹی آئی مزاکرات آج ہوں گے، کیا بڑا بریک تھرو ہو گا؟

اسلام آباد : بڑا سیاسی بریک تھرو، برف پگھل گئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی،

حکومتی مذاکراتی ٹیم میں اسحق ڈار، رانا ثناء، عرفان صدیقی، راجا پرویز، نوید قمر، خالد مقبول، عبدالعلیم، چوہدری سالک شامل، جبکہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم میں عمرایوب، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجا اور اسدقیصر شامل ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ملاقات متوقع ہے، وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بات چیت میں ملکی سلامتی کو مقدم رکھا جائیگا،

مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کیلئے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو آج بروز پیر دن ساڑھے گیارہ بجے ملاقات کرینگے۔حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کیلئے ان کیمرہ اجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت منعقد ہو گا، اجلاس آج بروز پیر 23دسمبر 2024کو دن ساڑھے گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو گا۔ جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ متضاد بیانات کی وجہ سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی نیت میں شک نظر آتا ہے، پی ٹی آئی نے ابھی تک کسی سطح پر رابطہ نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے در میان جاری تناؤ ختم ہونے کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ برف پگھل گئی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے پہل کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈائیلاگ کی تجویز کو آگے بڑھانے کیلئے مذا کراتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ کمیٹی میں مسلم لیگ ن کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان،سینٹر عرفان صدیقی شامل کئے گئے ہیں۔

کمیٹی میں اتحادی جماعتوں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سےراجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ایم کیو ایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، استحکام پارٹی سے عبدالعلیم خان اور مسلم لیگ (شجاعت حسین گروپ) کی جانب سے چوہدری سالک حسین کو شامل کیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔ وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز مانتے ہوئے حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔ دریں اثنا اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے وزیراعظم کی طرف سے کمیٹی تشکیل دینے کا خیر مقدم اور اظہار تشکر کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہےاسپیکر ایاز صادق نے مزید کہا ہے کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی۔ آفس کے دروازے ہمیشہ اراکین کیلئے کھلے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں