اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایران پر فضائی حملوں کا آغاز کردیا ہے، جبکہ ایران کے سرکاری میڈیا نے تہران میں دھماکوں کی تصدیق کردی۔

اسرائیلی فوج نے یکے بعد دیگرے ایران میں فوجی اہداف پر دو بار کئی فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیل نے شام میں بھی متعدد فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔عراق کے شہر تکریت میں بھی دھماکے سنے گئے۔ عراق نے اپنی تمام پروازیں تاحکم ثانی معطل کر دیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایران پر حملوں سے قبل وائٹ ہاؤس کو مطلع کردیا تھا۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملوں سے آگاہ ہیں، صورتحال پر گہری نظر ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ایران کے خلاف اسرائیلی فوج کارروائی میں امریکا کا کوئی کردار نہیں۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملوں میں ایٹمی یا تیل تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔ اسرائیل کی توجہ فوجی اہداف پر ہے۔اسرائیلی حکام نے ایران پر حملوں کی تصدیق کردی ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق ایران میں پاسداران انقلاب کے ٹھکانوں پر حملہ کیا، اسرائیل پر حملوں کے جواب میں ایران میں فوجی اہداف پر حملے کیے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران اور اس کی پراکسی فورسز کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔ ایران پر حملے کے دوران دفاعی نظام کو مکمل متحرک کردیا ہے۔اسرائیلی حکام نے فوجی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ایران میں کئی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیل کے مطابق یہ کارروائی ایرانی حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹر کے قریب دھماکے سنے گئے۔تہران پر اسرائیلی حملوں کے بعد کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔ تہران اور قریبی شہر کرج میں 5 دھماکے سنے گئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق تہران ایئرپورٹ کے قریب بھی دھماکے کی اطلاع ہے اور دمشق کے دیہی اور وسطی علاقوں میں بھی دھماکے سنے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close