اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کے لیے بری خبر

بانیٔ پی ٹی آئی کا آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بننے کا خواب، خواب ہی رہ گیا۔

ان کا نام یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ امیدواروں کی فہرست میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔آکسفورڈ یونیورسٹی نے چانسلر کے انتخاب کے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی فہرست میں بانیٔ پی ٹی آئی کا نام شامل نہیں ہے۔چانسلر کا عہدہ روایتی اور علامتی نوعیت کا ہوتا ہے اور اس انتخاب میں نمایاں شخصیات حصہ لے رہی ہیں۔

خیال رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے 40 امیدواروں نے اپلائی کیا تھا، جن میں سے 38 امیدواروں کا نام یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں شامل ہے۔ ان میں 12 سے 13 امیدوار پاکستانی نژاد ہیں۔امیدواروں میں برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کے سابق وزیرِ اعظم بورس جانسن، مشہور برطانوی آرکیٹیکٹ سر نورمن فوسٹر اور معروف وکیل بیرسٹر پیٹر کریگ شامل ہیں۔نئے چانسلر کے انتخاب کے لیے آن لائن ووٹنگ کے پہلے مرحلے کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا، ووٹنگ کے ذریعے سب سے زائد ووٹ لینے والے 5 امیدوار اگلے مرحلے میں جائیں گے۔

ووٹنگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز 18 نومبر سے ہو گا، یونیورسٹی نے چانسلر بننے کی فہرست میں شامل امیدواروں کے بیانات بھی ویب سائٹ پر شائع کر دیے ہیں۔یہاں یہ واضح رہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی نے بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیت پر رائے کے لیے معروف برطانوی قانونی فرم میٹرکس چیمبرز سے رابطہ کیا تھا۔لندن کے سینئر قانون داں ہیو ساؤتھی کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی کے ضوابط کے مطابق چانسلر شپ کے اہل نہیں ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی مجرمانہ سزا پانے کے سبب یونیورسٹی کی چانسلر شپ کے عہدے کے لیے اہل نہیں رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close